Home / صحت / پرسکون نیند انسان کے لیے کیوں ضروری ہے؟ ماہرین کی تحقیق میں حیران کن فوائد سامنے آ گئے

پرسکون نیند انسان کے لیے کیوں ضروری ہے؟ ماہرین کی تحقیق میں حیران کن فوائد سامنے آ گئے

Female sleeping
نیویارک (بی بی سی پاک نیوز): رات کی اچھی نیند کس کے دل کو نہیں بھاتی، یہ نہ صرف آپ کا مزاج خوشگوار بناتی ہے بلکہ آنکھوں کے گرد بدنما سیاہ حلقے بھی پیدا نہیں ہونے دیتی، مگر مناسب دورانیے تک سونا آپ کے دل، وزن اور ذہن سمیت ہر چیز کی صحت کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے۔ اچھی نیند کے ایسے ہی فوائد کو
جاننا یقیناً آپ کے لیے حیرت انگیز ثابت ہوگا۔

یاداشت میں بہتری

نیند کے دوران آپ کا ذہن حیرت انگیز طور پر بہت زیادہ مصروف ہوتا ہے، سونے کے دوران ذہن آپ کی اُن یادوں یا مشق کی صلاحیتوں کو مضبوط کرتا ہے جو آپ جاگنے کے دوران سیکھتے ہیں۔ نیویارک یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق جب آپ کوئی نئی چیز سیکھتے ہیں تو مناسب نیند سے جاگنے کے بعد آپ کی کارکردگی زیادہ بہتر ہوجاتی ہے۔

لمبی زندگی

بہت زیادہ یا بہت کم نیند زندگی کا دورانیہ کم کرنے کا سبب بن سکتی ہے۔ 2010 میں ہارورڈ یونیورسٹی کی 50 سے 79 سال کی عمر کی خواتین پر ہونے والی تحقیق کے مطابق جو خواتین رات کو 5 گھنٹے سے کم یا 7 گھنٹے سے زیادہ سوتی ہیں ان میں جلد موت کی شرح زیادہ ہوتی ہے، اگرچہ اس کی ابھی تک کوئی واضح وجہ معلوم نہیں ہوسکی تاہم ایک اندازہ ہے کہ اس سے جسمانی نظام میں آنے والی تبدیلیاں ذیابیطس، بلڈ پریشر اور امراض قلب وغیرہ میں مبتلا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

سوجن یا ورم سے بچاؤ

جسمانی ورم امراض قلب، فالج، ذیابیطس، جوڑوں کے امراض اور جلد بڑھاپے کا سبب بن سکتا ہے، امریکا کی ایموری یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق جو لوگ رات کو 6 گھنٹے یا اس سے کم نیند لیتے ہیں ان کے خون میں جسمانی ورم کا سبب بننے والے پروٹین کی مقدار بڑھ جاتی ہے، جس کا نتیجہ دل کے دورے کی صورت میں نکلتا ہے۔

تخلیقی صلاحیت بڑھنا

ہارورڈ یونیورسٹی اور بوسٹن کالج کی ایک مشترکہ تحقیق کے مطابق رات کی میٹھی نیند کے بعد اگر مصوری یا کچھ لکھنے کا کام کیا جائے تو آپ کا ذہن تخلیقی اعتبار سے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے، کیونکہ سونے کے دوران دماغ یادداشت کو مضبوط کرنے کے ساتھ اسے ری اسٹرکچر بھی کرتا ہے جس کا نتیجہ تخلیقی صلاحیت میں اضافے کی شکل میں نکلتا ہے۔

کامیابی کا حصول

اگر آپ ایک کھلاڑی ہیں تو جو سب سے آسان چیز آپ کی کارکردگی کو بہتر بناسکتی ہے وہ ہے نیند۔ کچھ عرصے قبل امریکا کی اسٹینفورڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ جو فٹبالر 7 سے 8 ہفتے تک رات بھر 10 گھنٹے کی نیند لیتے ہیں ان کی اوسط کارکردگی اور اسٹینما میں حیرت انگیز اضافہ دیکھنے میں آتا ہے، ٹینس اور تیراکی کے کھلاڑیوں میں بھی اسی طرح کے مثبت اثرات تحقیق کے دوران دیکھے گئے جس کے بعد محققین نے اسے ہر طرح کے کھیل کے لیے بہترین طریقہ کار قرار دیا۔

تعلیمی کارکردگی میں بہتری

10 سے 16 سال کی عمر کے ایسے بچے جن کی نیند کا دورانیہ کم ہو یا کسی قسم کے عارضے جیسے سانس کی تکلیف یا خراٹوں وغیرہ کا شکار ہوں، انہیں دوران تعلیم توجہ مرکوز کرنے اور سیکھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ طبی جریدے جرنل سلیپ میں 2010 میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق ناکافی نیند کا نتیجہ امتحانات کے خراب ترین نتائج کی صورت میں نکلتا ہے۔

تیز تر ردعمل

نیند کی کمی بچوں میں آٹزم جیسی علامات کا سبب بن سکتی ہے اور وہ کسی چیز پر جلد ردعمل ظاہر کرنے کی صلاحیت سے محروم ہوجاتے ہیں۔ ایک امریکی جریدے جرنل پیڈیاٹرکس کی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ 7 سے 8 سال کے وہ بچے جو رات کو 8 گھنٹے کی نیند نہیں لیتے وہ مشتعل اور غیر مستقل مزاج شخصیت کے حامل ہوجاتے ہیں۔

صحت مند جسمانی وزن

اگر آپ جسمانی وزن میں کمی کے لیے ڈائٹنگ کا منصوبہ بنا رہے ہیں تو آپ کو جلد سونے کو بھی اس میں شامل کرنا ہوگا۔ شکاگو یونیورسٹی کے محققین کے مطابق جو لوگ مناسب وقت تک سوتے ہیں ان کے جسمانی وزن میں ایسے افراد کے مقابلے میں 56 فیصد زیادہ کمی دیکھنے میں آتی ہے، جو نیند کی کمی کا شکار ہوتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق کم سونے سے لوگوں کو بھوک بھی زیادہ لگتی ہے اور وہ فاسٹ یا جنک فوڈ استعمال کرکے اپنے وزن کو بڑھا لیتے ہیں۔

تناؤ میں کمی

جب بات ہو تناؤ کی تو نیند کا ذکر بھی ضرور ہوگا کیونکہ یہ دونوں دل کی صحت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ نیویارک یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق مناسب نیند سے ذہنی تناﺅ کی شرح بھی کم ہوتی ہے اور لوگ اپنے بلڈ پریشر کو زیادہ بہتر طریقے سے کنٹرول کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔ اس کے علاوہ نیند کولیسٹرول لیول پر بھی اثر انداز ہوتی ہے جو انہیں امراض قلب سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

حادثات سے بچاؤ

امریکا کی نیشنل ہائی ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن کے مطابق کم نیند ذہن کو تھکا دیتی ہے، جس کا نتیجہ جان لیوا گاڑیوں کے حادثات کی صورت میں نکلتا ہے، بلکہ ایسے افراد کی ڈرائیونگ سے متعلق کارکردگی الکوحل استعمال کرنے والے افراد سے بھی بدتر ہوتی ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ صرف ایک رات کی کم نیند بھی ڈرائیونگ کی صلاحیت پر اثر انداز ہوتی ہے۔

مایوسی یا ڈپریشن سے بچاؤ

بہترین نیند ہماری مجموعی شخصیت پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے کیونکہ کم سونے سے ڈپریشن میں مبتلا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ نیویارک یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ رات کی بہتر نیند سے کسی بھی معاملے میں مایوسی کے شکار افراد کی ذہنی حالت مستحکم ہوتی ہے اور وہ ذہنی انتشار کی کیفیت سے باہر نکل آتے ہیں۔

Check Also

کینسر کے مرض کی جانچ کے لیے ’تشخیصی کِٹ‘ تیار

  برلن: سائنس دانوں نے کینسر کی تشخیص کے لیے ایک کِٹ تیار کرلی ہے جس …